تحریر

الأنفال

آیات ۳۸ تا ۴۴

بیان القرآن، ڈاکٹر اسرار احمد

سورت کا صفحہ
سورت

قرآنترجمہتشریححدیثشعر

38

مشرکینِ مکہ کو اصلاح عمل کی دعوت

ویڈیو

قُلۡ لِّلَّذِیۡنَ کَفَرُوۡۤا اِنۡ یَّنۡتَہُوۡا یُغۡفَرۡ لَہُمۡ مَّا قَدۡ سَلَفَ ۚ وَ اِنۡ یَّعُوۡدُوۡا فَقَدۡ مَضَتۡ سُنَّتُ الۡاَوَّلِیۡنَ ﴿۳۸﴾

آیت 38

قُلۡ لِّلَّذِیۡنَ کَفَرُوۡۤا اِنۡ یَّنۡتَہُوۡا یُغۡفَرۡ لَہُمۡ مَّا قَدۡ سَلَفَ ۚ

’’(اے محمدﷺ!)آپ اعلان کردیجیے ان کافروں کے سامنے کہ اگر وہ اب بھی باز آ جائیں تو جو کچھ پہلے ہو چکا ہے وہ ا ن کے لیے معاف کر دیا جائے گا۔‘‘

یعنی اب بھی تمہار ے لیے موقع ہے۔ اگر تم اب بھی ایمان لے آؤ گے تو تمہاری پہلی تمام خطائیں معاف کر دی جائیں گی۔

وَ اِنۡ یَّعُوۡدُوۡا فَقَدۡ مَضَتۡ سُنَّتُ الۡاَوَّلِیۡنَ ﴿۳۸﴾

’’اور اگر وہ دوبارہ یہی کچھ کریں گے تو پچھلوں کے حق میں سنتِ الٰہی گزر چکی ہے۔‘‘

انہیں سب معلوم ہے کہ جن قوموں نے اپنے رسولوں کا انکار کیا تھا اُن کا کیا انجام ہو اتھا۔ سورۃ الانفال سے پہلے مکی قرآن تو پورے کا پورا نازل ہو چکا تھا‘ سورۃ الانعام اور سورۃ الاعراف بھی نازل ہو چکی تھیں۔ لہٰذا قومِ نوحؑ ‘ قومِ ہودؑ‘ قومِ صالحؑ ‘ قومِ شعیبؑ اور قومِ لوط ؑ کے عبرتناک انجام کی تفصیلات سب کو معلوم ہو چکی تھیں۔

39-40

دین کا مغلوب ہونا فتنہ ہے

ویڈیو

وَ قَاتِلُوۡہُمۡ حَتّٰی لَا تَکُوۡنَ فِتۡنَۃٌ وَّ یَکُوۡنَ الدِّیۡنُ کُلُّہٗ لِلّٰہِ ۚ فَاِنِ انۡتَہَوۡا فَاِنَّ اللّٰہَ بِمَا یَعۡمَلُوۡنَ بَصِیۡرٌ ﴿۳۹﴾ وَ اِنۡ تَوَلَّوۡا فَاعۡلَمُوۡۤا اَنَّ اللّٰہَ مَوۡلٰىکُمۡ ؕ نِعۡمَ الۡمَوۡلٰی وَ نِعۡمَ النَّصِیۡرُ ﴿۴۰﴾

آیت 39

وَ قَاتِلُوۡہُمۡ حَتّٰی لَا تَکُوۡنَ فِتۡنَۃٌ وَّ یَکُوۡنَ الدِّیۡنُ کُلُّہٗ لِلّٰہِ ۚ

’’اور (اے مسلمانو!)ان سے جنگ کرتے رہویہاں تک کہ فتنہ (کفر) باقی نہ رہے اور دین کل کا کل اللہ ہی کا ہو جائے۔‘‘

یہی حکم سورۃ البقرۃ کی آیت ۱۹۳ میں بھی آ چکا ہے۔ البتہ یہاں اس کے الفاظ میں ’’کُلُّہٗ‘‘ کی اضافی شان اور مزید تاکید پائی جاتی ہے۔ یعنی اے مسلمانو! دین کے غلبے کے لیے تمہاری تحریک کو شروع ہوئے پندرہ برس ہوگئے ۔ اس دوران میں تم لوگ دعوت ‘ تنظیم‘ تربیت اور صبر محض کے مراحل کامیابی سے طے کر چکے ہو۔ چنانچہ اس کے بعد اب passive resistance کا دور ختم سمجھو۔ ہمارے رسول (ﷺ) کی طرف سے اقدام (active resistance) کا آغاز ہو چکا ہے اور اس اقدام کے نتیجے میں اب یہ تحریک مسلح تصادم (armed conflict) کے مرحلے میں داخل ہو چکی ہے۔ لہٰذا جب ایک دفعہ تلواریںتلواروں سے ٹکرا چکی ہیں تو تمہاری یہ تلواریں اب واپس نیاموں میں اُس وقت تک نہیں جائیں گی جب تک یہ کام مکمل نہ ہو جائے اور اس کام کی تکمیل کا تقاضا یہ ہے کہ فتنہ بالکل ختم ہو جائے۔ دراصل ’’فتنہ‘‘ کسی معاشرے کے اندر باطل کے غلبے کی کیفیت کا نام ہے جس کی وجہ سے اس معاشرے کے لوگوں کے لیے ایما ن پر قائم رہنا اور اللہ کے احکامات پر عمل کرنا مشکل ہو جاتا ہے۔ لہٰذا یہ جنگ اب اس وقت تک جاری رہے گی جب تک باطل مکمل طور پر مغلوب اور اللہ کا دین پوری طرح سے غالب نہ ہو جائے۔ اللہ کے دین کا یہ غلبہ جزوی طور پر بھی قابل قبول نہیں بلکہ دین کل کا کل اللہ کے تابع ہونا چاہیے۔

فَاِنِ انۡتَہَوۡا فَاِنَّ اللّٰہَ بِمَا یَعۡمَلُوۡنَ بَصِیۡرٌ ﴿۳۹﴾

’’پھر اگر وہ باز آ جائیں تو جو کچھ وہ کر رہے ہیں اللہ یقینا اس کو دیکھ رہا ہے۔‘‘

آیت 40

وَ اِنۡ تَوَلَّوۡا فَاعۡلَمُوۡۤا اَنَّ اللّٰہَ مَوۡلٰىکُمۡ ؕ نِعۡمَ الۡمَوۡلٰی وَ نِعۡمَ النَّصِیۡرُ ﴿۴۰﴾

’’اور اگر وہ رُوگردانی کریں تو (اے مسلمانو!) تم یہ جان لو کہ اللہ تمہارا مولیٰ (حمایتی) ہے۔ کیا ہی خوب ہے وہ مولیٰ اور کیا ہی خوب ہے وہ مددگار!‘‘

41

مالِ غنیمت کی تقسیم کا حکم

ویڈیو

وَ اعۡلَمُوۡۤا اَنَّمَا غَنِمۡتُمۡ مِّنۡ شَیۡءٍ فَاَنَّ لِلّٰہِ خُمُسَہٗ وَ لِلرَّسُوۡلِ وَ لِذِی الۡقُرۡبٰی وَ الۡیَتٰمٰی وَ الۡمَسٰکِیۡنِ وَ ابۡنِ السَّبِیۡلِ ۙ اِنۡ کُنۡتُمۡ اٰمَنۡتُمۡ بِاللّٰہِ وَ مَاۤ اَنۡزَلۡنَا عَلٰی عَبۡدِنَا یَوۡمَ الۡفُرۡقَانِ یَوۡمَ الۡتَقَی الۡجَمۡعٰنِ ؕ وَ اللّٰہُ عَلٰی کُلِّ شَیۡءٍ قَدِیۡرٌ ﴿۴۱﴾

آیت 41

وَ اعۡلَمُوۡۤا اَنَّمَا غَنِمۡتُمۡ مِّنۡ شَیۡءٍ فَاَنَّ لِلّٰہِ خُمُسَہٗ وَ لِلرَّسُوۡلِ وَ لِذِی الۡقُرۡبٰی

’’اورجان لو کہ جو بھی غنیمت تمہیں حاصل ہوئی ہے اُس کا خمس (پانچواں حصہ) تو اللہ کے لیے ‘رسولؐ کے لیے اور (رسولؐ کے) قرابت داروں کے لیے ہے‘‘

اس آیت میں مالِ غنیمت کی تقسیم کے حوالے سے قانون کی وضاحت کی جا رہی ہے ۔واضح رہے کہ بعثت کے بعد سے رسول اللہﷺکا ذریعہ معاش کوئی نہیں تھا۔ حضرت خدیجہؓ نے آپﷺسے نکاح کے بعد اپنی ساری دولت ہر قسم کے تصرف کے لیے آپﷺ کو پیش کر دی تھی۔ جب تک آپﷺ مکہ میں رہے ‘ آپؐ کے ذاتی اخراجات اسی سرمائے سے چلتے رہے‘ لیکن ہجرت کے بعد اس سلسلے میں کوئی مستقل انتظام نہیں تھا۔ پھر آپﷺ کے قرابت دار اور اہل و عیال بھی تھے جن کی کفالت آپؐ کے ذمہ تھی۔ ان سب اخراجات کے لیے ضروری تھا کہ کوئی معقول اور مستقل انتظام کر دیا جائے۔چنانچہ غنائم میں سے پانچواں حصہ مستقل طور پر بیت المال کو دے دیا گیا اور آپؐ کے ذاتی اخراجات ‘ ازواجِ مطہراتؓ کا نان نفقہ اور آپؐ کے قرابت داروں کی کفالت بیت المال کے ذمہ طے پائی ۔

وَ الۡیَتٰمٰی وَ الۡمَسٰکِیۡنِ وَ ابۡنِ السَّبِیۡلِ ۙ

’’اور (اس میں حصہ ہو گا) یتیموں‘ مسکینوں اور مسافروں کے لیے(بھی)‘‘

اسی پانچویں حصے میں سے معاشرے کے محروم افرادکی مدد بھی کی جائے گی۔

اِنۡ کُنۡتُمۡ اٰمَنۡتُمۡ بِاللّٰہِ وَ مَاۤ اَنۡزَلۡنَا عَلٰی عَبۡدِنَا یَوۡمَ الۡفُرۡقَانِ یَوۡمَ الۡتَقَی الۡجَمۡعٰنِ ؕ

’’اگر تم ایمان رکھتے ہو اللہ پر اور اُس شے پر جو ہم نے نازل کی اپنے بندے پر فیصلے کے دن ‘ جس دن دو فوجوں کا ٹکراؤ ہوا تھا ۔‘‘

وَ اللّٰہُ عَلٰی کُلِّ شَیۡءٍ قَدِیۡرٌ ﴿۴۱﴾

’’ اور اللہ ہر شے پر قادر ہے۔‘‘

فیصلے (غزوۂ بدر)کے دن جو شے خصوصی طور پر نازل کی گئی وہ غیبی امداد اور نصرتِ الٰہی تھی۔ اللہ تعالیٰ نے وعدہ فرمایا تھا کہ تمہاری مدد کے لیے فرشتے آئیں گے۔ وہ فرشتے اگرچہ میدانِ جنگ میں تمہیں نظر تو نہیں آتے تھے‘ لیکن جیسے تم لوگ اللہ پر اور اُس کی وحی پر ایمان بالغیب رکھتے ہو‘ جبرائیل علیہ السلام کے وحی لانے پر ایمان رکھتے ہو اور اس قرآن کے منزل من اللہ ہونے پر ایمان رکھتے ہو‘ اسی طرح تمہارا یہ ایمان بھی ہونا چاہیے کہ اللہ نے اپنا وہ وعدہ پورا کر دیا جو اُس نے اپنے رسولﷺ اور مسلمانوں کی مدد کے حوالے سے کیا تھا اور یہ کہ میدانِ بدر میں تمہاری فتح اللہ کی مدد سے ہی ممکن ہوئی تھی۔ اگر تم لوگوں کا اس حقیقت پر یقینِ کامل ہے تو پھر اللہ کا یہ فیصلہ بھی دل کی آمادگی اور خوشی سے قبول کرلو کہ مالِ غنیمت میں سے پانچواں حصہ اللہ‘ اُس کے رسولؐ اور بیت المال کا ہو گا۔

اس حکم کے نزول کے بعد تمام مالِ غنیمت ایک جگہ جمع کیا گیااوراس میں سے پانچواں حصہ بیت المال کے لیے نکال کر باقی چار حصے مجاہدین میں تقسیم کر دیے گئے۔ اس میں سے ہر اُس شخص کو برابر کا حصہ ملا جو لشکر میں جنگ کے لیے شامل تھا‘ قطع نظر اس کے کہ کسی نے عملی طور پر قتال کیاتھا یا نہیں کیا تھا اور قطع نظر اس کے کہ کسی نے بہت سا مالِ غنیمت جمع کیا تھا یا کسی نے کچھ بھی جمع نہیں کیاتھا۔ البتہ اس تقسیم میں سوار کے دو حصے رکھے گئے اور پیدل کے لیے ایک حصہ۔ اس لیے کہ سواریوں کے جانور مہیّا کرنے اور اُن جانوروں پر اٹھنے والے اخراجات متعلقہ افراد ذاتی طور پر برداشت کرتے تھے۔

42-44

بدر کا معرکہ اللہ کی طرف سے طے تھا

ویڈیو

اِذۡ اَنۡتُمۡ بِالۡعُدۡوَۃِ الدُّنۡیَا وَ ہُمۡ بِالۡعُدۡوَۃِ الۡقُصۡوٰی وَ الرَّکۡبُ اَسۡفَلَ مِنۡکُمۡ ؕ وَ لَوۡ تَوَاعَدۡتُّمۡ لَاخۡتَلَفۡتُمۡ فِی الۡمِیۡعٰدِ ۙ وَ لٰکِنۡ لِّیَقۡضِیَ اللّٰہُ اَمۡرًا کَانَ مَفۡعُوۡلًا ۬ۙ لِّیَہۡلِکَ مَنۡ ہَلَکَ عَنۡۢ بَیِّنَۃٍ وَّ یَحۡیٰی مَنۡ حَیَّ عَنۡۢ بَیِّنَۃٍ ؕ وَ اِنَّ اللّٰہَ لَسَمِیۡعٌ عَلِیۡمٌ ﴿ۙ۴۲﴾ اِذۡ یُرِیۡکَہُمُ اللّٰہُ فِیۡ مَنَامِکَ قَلِیۡلًا ؕ وَ لَوۡ اَرٰىکَہُمۡ کَثِیۡرًا لَّفَشِلۡتُمۡ وَ لَتَنَازَعۡتُمۡ فِی الۡاَمۡرِ وَ لٰکِنَّ اللّٰہَ سَلَّمَ ؕ اِنَّہٗ عَلِیۡمٌۢ بِذَاتِ الصُّدُوۡرِ ﴿۴۳﴾ وَ اِذۡ یُرِیۡکُمُوۡہُمۡ اِذِ الۡتَقَیۡتُمۡ فِیۡۤ اَعۡیُنِکُمۡ قَلِیۡلًا وَّ یُقَلِّلُکُمۡ فِیۡۤ اَعۡیُنِہِمۡ لِیَقۡضِیَ اللّٰہُ اَمۡرًا کَانَ مَفۡعُوۡلًا ؕ وَ اِلَی اللّٰہِ تُرۡجَعُ الۡاُمُوۡرُ ﴿٪۴۴﴾

آیت 42

اِذۡ اَنۡتُمۡ بِالۡعُدۡوَۃِ الدُّنۡیَا وَ ہُمۡ بِالۡعُدۡوَۃِ الۡقُصۡوٰی

’’جب تم لوگ تھے قریب والے کنارے پر اور وہ لوگ تھے دُور والے کنارے پر‘‘

وادیٔ بدر شمال اور جنوب کی اطراف سے تنگ ہے جبکہ درمیان میں یہ ایک کھلے میدان کی شکل اختیار کر لیتی ہے۔ اس کے شمالی کنارے سے شام کی طرف راستہ نکلتا تھا اور جنوبی کنارے سے مکہ کی طرف۔ جبکہ وادی کی مشرقی سمت سے نکلنے والا راستہ مدینہ کی طرف جاتا تھا ۔ پرانے زمانے میں حاجیوں کے زیادہ تر فاقلے وادیٔ بدر سے ہی گزرتے تھے۔اب نئی موٹر وے ’’طریق الھجرۃ‘‘ بن جانے کی وجہ سے حجاج کو ان مقامات سے گزرنے کا موقع نہیں ملتا۔ غزوئہ بدر کے موقع پر اللہ تعالیٰ کی طرف سے ایسی تدبیر کا ظہور ہوا کہ دونوں لشکر وادیٔ بدر میں تقریباًایک ساتھ پہنچے۔یہاں اللہ تعالیٰ کی اسی تدبیر کا ذکر ہے کہ جب قریش کا لشکر وادی کے دور والے (جنوبی) کنارے پر آ پہنچا اور مشرق کی جانب سے حضورﷺ اپنا لشکر لے کر اس کنارے پر پہنچ گئے جو مدینہ سے قریب تھا۔

وَ الرَّکۡبُ اَسۡفَلَ مِنۡکُمۡ ؕ

’’اورقافلہ تم سے نیچے تھا۔‘‘

قریش کا تجارتی قافلہ اُس وقت نیچے ساحل سمندر کی طرف سے ہو کر گزر رہا تھا۔ ابوسفیان نے ایک طرف تو قافلے کی مدد کے لیے مکہ والوں کو پیغام بھیج دیا تھا اور دوسری طرف اُس نے یہ تدبیر بھی کی تھی کہ اصل راستے کو چھوڑ کر قافلے کو ساحل سمندر کی طرف لے گیا تھا ۔ روایتی راستہ تو وادیٔ بدر سے ہو کر گزر تاتھا لیکن اس راستہ پر جانے کے بجائے اب یہ قافلہ ساحل سمندر کے ساتھ ساتھ سفر کرتے ہوئے آگے بڑھ رہا تھا۔ بدر کے پہاڑی سلسلے سے آگے تہامہ کا میدان ہے جو ساحل سمندر تک پھیلا ہوا ہے۔ اور قافلہ اس وقت اس میدان کی بھی آخری حدود پر سمندر کی جانب تھا ۔اس لیے فرمایا گیا کہ قافلہ تم سے نچلی سطح پر تھا۔

وَ لَوۡ تَوَاعَدۡتُّمۡ لَاخۡتَلَفۡتُمۡ فِی الۡمِیۡعٰدِ ۙ

’’اوراگر تم لوگ آپس میں میعاد ٹھہرا کر نکلتے تو بھی وقتِ مقررہ (پر پہنچنے) میں تم ضرور مختلف ہو جاتے‘‘

یعنی یہ تو اللہ تعالیٰ کی مشیت کے تحت دونوں لشکر ٹھیک ایک ہی وقت پر وادی کے دونوں کناروں پر پہنچے تھے۔ اگرآپ لوگوں نے مقامِ معین پر پہنچنے کے لیے آپس میں کوئی وقت مقرر کیا ہوتا تو اس میں ضرور تقدیم و تاخیر ہو جاتی‘ لیکن ہم نے دونوں لشکروں کو عین وقت پر ایک ساتھ آمنے سامنے لا کھڑا کیا‘ کیونکہ ہم چاہتے تھے کہ یہ ٹکرائو ہو جائے اور اہلِ مکہ پر یہ بات واضح ہوجائے کہ اللہ تعالیٰ کی نصرت کس کے ساتھ ہے۔

وَ لٰکِنۡ لِّیَقۡضِیَ اللّٰہُ اَمۡرًا کَانَ مَفۡعُوۡلًا ۬ۙ

’’لیکن (یہ سب کچھ اس لیے ہوا)تا کہ اللہ فیصلہ کردے اس کام کا جو ہونے ہی والا تھا‘‘

لِّیَہۡلِکَ مَنۡ ہَلَکَ عَنۡۢ بَیِّنَۃٍ

’’تا کہ جسے ہلاک ہونا ہے وہ ہلاک ہو بات واضح ہو جانے کے بعد‘‘

یعنی حق کے واضح ہو جانے میں کوئی ابہام نہ رہ جائے ۔ اہل مکہ میں سے اُن عوام کے لیے بھی حق کو پہچاننے میں کوئی شک و شبہ باقی نہ رہے جنہیں اب تک سرداروں نے گمراہ کر رکھا تھا ۔ اگر اس کے بعد بھی کسی کی آنکھیں نہیں کھلتیں اور وہ ہلاکت کے راستے پر ہی گامزن رہنے کو ترجیح دیتا ہے تو یہ اس کی مرضی‘ مگر ہم چاہتے ہیں کہ اگر ایسے لوگوںکو ہلاک ہی ہونا ہے تو ان میں سے ہر فرد حق کے پوری طرح واضح ہونے کے بعد ہلا ک ہو۔

وَّ یَحۡیٰی مَنۡ حَیَّ عَنۡۢ بَیِّنَۃٍ ؕ وَ اِنَّ اللّٰہَ لَسَمِیۡعٌ عَلِیۡمٌ ﴿ۙ۴۲﴾

’’ اور جسے زندہ رہنا ہے وہ زندہ رہے واضح دلیل کی بنا پر۔ یقینا اللہ سب کچھ سننے والا اور جاننے والا ہے۔‘‘

جو سیدھے راستے پر آنا چاہتا ہے وہ بھی اس بَیِّنَہ کی بنا پر سیدھے راستے پر آ جائے اور حیاتِ معنوی حاصل کر لے۔

آیت 43

اِذۡ یُرِیۡکَہُمُ اللّٰہُ فِیۡ مَنَامِکَ قَلِیۡلًا ؕ

’’جب اللہ آپ کو دکھا رہا تھا(اے نبیﷺ) انہیں آپ کی نیند میں کم تعداد میں‘‘

رسول اللہﷺ نے خواب میں دیکھا کہ قریش کے لشکر کی تعداد بہت زیادہ نہیں ہے‘ بس تھوڑے سے لوگ ہیں جو جنگ کے لیے بدر کی طرف آ رہے ہیں‘ حالانکہ وہ ایک ہزار افراد پر مشتمل بہت بڑا لشکر تھا۔

وَ لَوۡ اَرٰىکَہُمۡ کَثِیۡرًا

’’اور اگر وہ آپؐ کو دکھاتا کہ وہ کثیر تعداد میں ہیں ‘‘

اور آپ(ﷺ) نے اپنے ساتھیوں کو وہ خبر جوںکی توں بتائی ہوتی:

لَّفَشِلۡتُمۡ وَ لَتَنَازَعۡتُمۡ فِی الۡاَمۡرِ

’’(تو اے مسلمانو! )تم ضرور کمزوری دکھاتے اور معاملے میں اختلاف کرتے‘‘

دشمن کی اصل تعداد اور طاقت کے بارے میں جان کر آپ لوگ پست ہمت ہوجاتے اور اختلاف میں پڑ جاتے کہ ہمیں بدر میں جا کر اس لشکر کا مقابلہ کرنا بھی چاہیے یا نہیں۔ اس طرح آراء میں اختلاف کی بنا پر بھی تمہاری جمعیت میں کمزوری آ جاتی۔

وَ لٰکِنَّ اللّٰہَ سَلَّمَ ؕ اِنَّہٗ عَلِیۡمٌۢ بِذَاتِ الصُّدُوۡرِ ﴿۴۳﴾

’’لیکن اللہ نے سلامتی پیدا فرما دی۔ یقینا وہ واقف ہے اس سے جو کچھ سینوں کے اندر ہے ۔‘‘

رسول اللہ ﷺ نے جو خواب دیکھا وہ تو غلط نہیں ہو سکتا تھا ‘کیونکہ انبیاء علیہم السلام کے تمام خواب سچے ہوتے ہیں۔ اس لیے مفسرین نے اس نکتے کی توجیہہ اس طرح کی ہے کہ آپﷺ کو لشکرِ کفار کی معنوی حقیقت دکھائی گئی تھی۔ یعنی کسی چیز کی ایک کمیت (quantitative value) ہوتی ہے اور ایک اس کی اندرونی کیفیت اور اصل حقیقت ہوتی ہے ۔ کمیت کے پہلو سے دیکھا جائے تو لشکر کفار کی تعداد ایک ہزار تھی اور وہ مسلمانوں سے تین گنا تھے‘ مگر اس لشکر کی اندرونی کیفیت یکسر مختلف تھی ۔درحقیقت مکہ کے عوام الناس کی اکثریت حضورﷺ کو اپنے معاشرے کا بہترین انسان سمجھتی تھی۔ ان کی سوچ کے مطابق آپؐ کے تمام ساتھی بھی مکہ کے بہترین لوگ تھے۔ مکہ کا عام آدمی دل سے اس حقیقت کو تسلیم کرتا تھا کہ محمدﷺ اور آپؐ کے ساتھیوں نے کوئی جرم نہیں کیا ہے ‘بلکہ یہ سب کے سب ایک خدا کو ماننے والے اور نیکیوں کا پرچار کرنے والے شریف لوگ ہیں۔چنانچہ مکہ کی خاموش اکثریت کی ہمدردیاں شروع سے مسلمانوں کے ساتھ تھیں۔ ایسے تمام لوگ اپنے سرداروں اور لیڈروں کے حکم کی تعمیل میں لشکر میں شامل تو ہو گئے تھے ‘ مگر اُن کے دل اپنے لیڈروں کے ساتھ نہیں تھے۔ جنگ میں دراصل جان کی بازی لگانے کا جذبہ ہی انسان کو بہادر اور طاقتور بناتا ہے اور یہ جذبہ نظریے کی سچائی اور نظر یاتی پختگی سے پیدا ہوتا ہے۔ قریش کے اس لشکر میں ایسا کوئی جذبہ سرے سے موجود ہی نہیں تھا ۔ لہٰذا تعداد میں اگرچہ وہ لوگ زیادہ تھے مگر معنوی طور پر اُن کی جو کیفیت اور اصل حقیقت تھی اس لحاظ سے وہ بہت کم تھے اور حضورﷺ کو خواب میں اللہ تعالیٰ نے اُن کی اصل حقیقت دکھائی تھی۔

آیت 44

وَ اِذۡ یُرِیۡکُمُوۡہُمۡ اِذِ الۡتَقَیۡتُمۡ فِیۡۤ اَعۡیُنِکُمۡ قَلِیۡلًا وَّ یُقَلِّلُکُمۡ فِیۡۤ اَعۡیُنِہِمۡ

’’اور جب تم آمنے سامنے ہوئے تو تمہاری نظروں میں انہیں (کفار کو) تھوڑا کر کے دکھاتا تھا اور ان کی نظروں میں تمہیں تھوڑا کر کے دکھاتا تھا‘‘

جب دونوں لشکر مقابلے کے لیے آمنے سامنے ہوئے تو اللہ تعالیٰ نے ایسی کیفیت پیدا کر دی کہ مسلمانوں کو بھی دیکھنے میں کفار تعداد میں بہت کم لگ رہے تھے اور کفار کو بھی مسلمان بہت تھوڑے نظر آ رہے تھے ۔ ایسی صورتِ حال اللہ تعالیٰ نے اس لیے پیدا فرما دی تا کہ یہ جنگ ڈٹ کر ہو ۔ اس لیے کہ وہ اس دن کو ’’ یوم الفرقان‘‘ بنانا چاہتا تھا اور نہیں چاہتا تھا کہ کوئی فریق بھی میدان سے کنی کترائے۔

لِیَقۡضِیَ اللّٰہُ اَمۡرًا کَانَ مَفۡعُوۡلًا ؕ وَ اِلَی اللّٰہِ تُرۡجَعُ الۡاُمُوۡرُ ﴿٪۴۴﴾

’’تا کہ اللہ پورا کر دے اُس معاملے کو جوہو نے والا ہی تھا۔ اور تمام معاملات (بالآخر تو) اللہ ہی کی طرف لوٹا دیے جائیں گے۔‘‘

یوٹیوب پر دیکھیے