تحریر

البقرة

آیات ۱۳۰ تا ۱۴۱

بیان القرآن، ڈاکٹر اسرار احمد

سورت کا صفحہ
سورت

قرآنترجمہتشریححدیثشعر

130-131

ملتِ ابراہیم کیا ہے؟

ویڈیو

وَ مَنۡ یَّرۡغَبُ عَنۡ مِّلَّۃِ اِبۡرٰہٖمَ اِلَّا مَنۡ سَفِہَ نَفۡسَہٗ ؕ وَ لَقَدِ اصۡطَفَیۡنٰہُ فِی الدُّنۡیَا ۚ وَ اِنَّہٗ فِی الۡاٰخِرَۃِ لَمِنَ الصّٰلِحِیۡنَ ﴿۱۳۰﴾ اِذۡ قَالَ لَہٗ رَبُّہٗۤ اَسۡلِمۡ ۙ قَالَ اَسۡلَمۡتُ لِرَبِّ الۡعٰلَمِیۡنَ ﴿۱۳۱﴾

آیت 130

وَ مَنۡ یَّرۡغَبُ عَنۡ مِّلَّۃِ اِبۡرٰہٖمَ

’’اور کون ہو گا جو ابراہیم ؑ کے طریقے سے منہ موڑے؟‘‘

رغبت کا لفظ عربی زبان میں دونوں طرح استعمال ہوتا ہے۔ ’’رَغِبَ اِلٰی‘‘ کا مفہوم ہے کسی شے کی طرف رغبت ہونا‘ محبت ہونا‘ میلان ہونا‘ جبکہ ’’رَغِبَ عَنْ‘‘ کا مطلب ہے کسی شے سے متنفر ہونا‘ کسی شے سے اِباء کرنا ‘اس کو چھوڑ دینا۔ جیسا کہ حدیث میں آیا ہے : حدیث((فَمَنْ رَّغِبَ عَنْ سُنَّتِیْ فَلَیْسَ مِنِّیْ))۱۵’’پس جسے میری سنت ناپسند ہو تو وہ مجھ سے نہیں ہے۔‘‘

اِلَّا مَنۡ سَفِہَ نَفۡسَہٗ ؕ

’’سوائے اس کے جس نے اپنے آپ کو حماقت ہی میں مبتلا کرنے کا فیصلہ کر لیا ہو!‘‘

اس کے سوا او ر کون ہو گا جو ابراہیم علیہ السلام کے طریقے سے منہ موڑے؟

وَ لَقَدِ اصۡطَفَیۡنٰہُ فِی الدُّنۡیَا ۚ

’’اور ہم نے تو انہیں دنیا میں بھی منتخب کر لیاتھا۔‘‘

وَ اِنَّہٗ فِی الۡاٰخِرَۃِ لَمِنَ الصّٰلِحِیۡنَ ﴿۱۳۰﴾

’’اور یقینا آخرت میں بھی وہ ہمارے صالح بندوں میں سے ہوں گے۔‘‘

(۱۵) صحیح البخاری‘ کتاب النکاح‘ باب الترغیب فی النکاح۔ وصحیح مسلم‘ کتاب النکاح‘ باب استحباب النکاح…

آیت 131

اِذۡ قَالَ لَہٗ رَبُّہٗۤ اَسۡلِمۡ ۙ قَالَ اَسۡلَمۡتُ لِرَبِّ الۡعٰلَمِیۡنَ ﴿۱۳۱﴾

’’جب بھی کہا اُس سے اُس کے پروردگار نے کہ مطیع فرمان ہو جاتو اُس نے کہا میں مطیع فرمان ہوں تمام جہانوں کے پروردگار کا۔‘‘

یہاں تک کہ اکلوتے بیٹے کو ذبح کرنے کا حکم آیا تو اس پر بھی سرِتسلیم خم کر دیا۔ یہ حضرت ابراہیم علیہ السلام کے سلسلۂ امتحانات کا آخری امتحان تھا جو اللہ تعالیٰ نے ان کا سو برس کی عمر میں لیا۔ اللہ تعالیٰ سے دعائیں مانگ مانگ کر ستاسی برس کی عمر میں بیٹا (اسماعیل ؑ) لیا تھا اور اب وہ تیرہ برس کا ہو چکا تھا ‘ باپ کا دست و بازو بن گیا تھا۔اُس وقت اسے ذبح کرنے کا حکم ہوا تو آپؑ فوراً تیار ہو گئے۔ یہاں فرمایا جا رہا ہے کہ جب بھی ہم نے ابراہیم ؑ سے کہا کہ ہمارا حکم مانو تو اُسے حکم برداری کے لیے سراپا تیار پایا۔ اللہ تعالیٰ ہمیں بھی اس طرزِ عمل کی پیروی کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین!

132-133

اللہ والوں کی وصیت۔

ویڈیو

وَ وَصّٰی بِہَاۤ اِبۡرٰہٖمُ بَنِیۡہِ وَ یَعۡقُوۡبُ ؕ یٰبَنِیَّ اِنَّ اللّٰہَ اصۡطَفٰی لَکُمُ الدِّیۡنَ فَلَا تَمُوۡتُنَّ اِلَّا وَ اَنۡتُمۡ مُّسۡلِمُوۡنَ ﴿ؕ۱۳۲﴾ اَمۡ کُنۡتُمۡ شُہَدَآءَ اِذۡ حَضَرَ یَعۡقُوۡبَ الۡمَوۡتُ ۙ اِذۡ قَالَ لِبَنِیۡہِ مَا تَعۡبُدُوۡنَ مِنۡۢ بَعۡدِیۡ ؕ قَالُوۡا نَعۡبُدُ اِلٰہَکَ وَ اِلٰـہَ اٰبَآئِکَ اِبۡرٰہٖمَ وَ اِسۡمٰعِیۡلَ وَ اِسۡحٰقَ اِلٰـہًا وَّاحِدًا ۚۖ وَّ نَحۡنُ لَہٗ مُسۡلِمُوۡنَ ﴿۱۳۳﴾

آیت 132

وَ وَصّٰی بِہَاۤ اِبۡرٰہٖمُ بَنِیۡہِ وَ یَعۡقُوۡبُ ؕ

’’اور اسی کی وصیت کی تھی ابراہیم ؑ نے اپنے بیٹوں کو اور یعقوب نے بھی۔‘‘

آگے وہ نصیحت بیان ہو رہی ہے :

یٰبَنِیَّ اِنَّ اللّٰہَ اصۡطَفٰی لَکُمُ الدِّیۡنَ

’’اے میرے بیٹو! اللہ نے تمہارے لیے یہی دین پسند فرمایا ہے‘‘

فَلَا تَمُوۡتُنَّ اِلَّا وَ اَنۡتُمۡ مُّسۡلِمُوۡنَ ﴿ؕ۱۳۲﴾

’’پس تم ہرگز نہ مرنا مگر مسلمان!‘‘

دیکھنا تمہیں موت نہ آنے پائے‘ مگر فرماں برداری کی حالت میں! یہی بات سورۂ آلِ عمران میں مسلمانوں سے خطاب کر کے فرمائی گئی: {یٰۤاَیُّہَا الَّذِیۡنَ اٰمَنُوا اتَّقُوا اللّٰہَ حَقَّ تُقٰتِہٖ وَ لَا تَمُوۡتُنَّ اِلَّا وَ اَنۡتُمۡ مُّسۡلِمُوۡنَ ﴿۱۰۲﴾} ’’اے لوگو جو ایمان لائے ہو ! اللہ کا تقویٰ اختیار کرو جیسا کہ اُس کے تقویٰ کا حق ہے اور تم کو موت نہ آئے‘ مگر اس حال میں کہ تم مسلم ہو۔ اور فرمایا: {اِنَّ الدِّیۡنَ عِنۡدَ اللّٰہِ الۡاِسۡلَامُ ۟} (آیت ۱۹) ’’یقینا دین تو اللہ کے نزدیک صرف اسلام ہے‘‘۔ مزید فرمایا: {وَ مَنۡ یَّبۡتَغِ غَیۡرَ الۡاِسۡلَامِ دِیۡنًا فَلَنۡ یُّقۡبَلَ مِنۡہُ ۚ} (آیت ۸۵) ’’اور جو کوئی اسلام کے سوا کوئی اور دین اختیار کرنا چاہے تو اس سے وہ ہرگز قبول نہ کیا جائے گا۔‘‘

آیت 133

اَمۡ کُنۡتُمۡ شُہَدَآءَ اِذۡ حَضَرَ یَعۡقُوۡبَ الۡمَوۡتُ ۙ

’’کیا تم اُس وقت موجود تھے جب آدھمکی یعقوب پر موت‘‘

یعنی جب یعقوب علیہ السلام کی موت کا وقت آیا۔اُس وقت حضرت یعقوب علیہ السلام اور ان کے سب بیٹے حضرت یوسف علیہ السلام کے ذریعے مصر میں پہنچ چکے تھے۔ یہ سارا واقعہ سورئہ یوسف میں بیان ہوا ہے۔ حضرت یعقوب علیہ السلام کا انتقال مصر میں ہوا۔ دنیا سے رخصت ہونے سے پہلے انہوں نے اپنے بارہ کے بارہ بیٹوں کو جمع کیا۔

اِذۡ قَالَ لِبَنِیۡہِ مَا تَعۡبُدُوۡنَ مِنۡۢ بَعۡدِیۡ ؕ

’’جب کہا اپنے بیٹوں سے کہ تم کس کی عبادت کرو گے میرے بعد؟‘‘

کس کی پوجا کرو گے؟ کس کی پرستش کروگے؟ یہ بات نہیں تھی کہ انہیں معلوم نہ تھا کہ انہیں کس کی عبادت کرنی ہے‘ بلکہ آپؑ نے قول و قرار کو مزید پختہ کرنے کے لیے یہ انداز اختیار فرمایا۔

قَالُوۡا نَعۡبُدُ اِلٰہَکَ وَ اِلٰـہَ اٰبَآئِکَ اِبۡرٰہٖمَ وَ اِسۡمٰعِیۡلَ وَ اِسۡحٰقَ

’’انہوں نے کہا ہم بندگی کریں گے آپ کے معبود کی اور آپ کے آباء ابراہیم ‘ اسماعیل اور اسحاق کے معبود کی‘‘

اِلٰـہًا وَّاحِدًا ۚۖ

’’وہی ایک معبود ہے‘‘

وَّ نَحۡنُ لَہٗ مُسۡلِمُوۡنَ ﴿۱۳۳﴾

’’اور ہم سب اُسی کے مطیع فرمان ہیں۔‘‘

ہم اسی کے سامنے سرجھکاتے ہیں اور اُسی کی فرماں برداری کا اقرار کرتے ہیں۔

134-141

نجات کا دارومداراپنے عمل پر ہے۔

ویڈیو

تِلۡکَ اُمَّۃٌ قَدۡ خَلَتۡ ۚ لَہَا مَا کَسَبَتۡ وَ لَکُمۡ مَّا کَسَبۡتُمۡ ۚ وَ لَا تُسۡـَٔلُوۡنَ عَمَّا کَانُوۡا یَعۡمَلُوۡنَ ﴿۱۳۴﴾ وَ قَالُوۡا کُوۡنُوۡا ہُوۡدًا اَوۡ نَصٰرٰی تَہۡتَدُوۡا ؕ قُلۡ بَلۡ مِلَّۃَ اِبۡرٰہٖمَ حَنِیۡفًا ؕ وَ مَا کَانَ مِنَ الۡمُشۡرِکِیۡنَ ﴿۱۳۵﴾ قُوۡلُوۡۤا اٰمَنَّا بِاللّٰہِ وَ مَاۤ اُنۡزِلَ اِلَیۡنَا وَ مَاۤ اُنۡزِلَ اِلٰۤی اِبۡرٰہٖمَ وَ اِسۡمٰعِیۡلَ وَ اِسۡحٰقَ وَ یَعۡقُوۡبَ وَ الۡاَسۡبَاطِ وَ مَاۤ اُوۡتِیَ مُوۡسٰی وَ عِیۡسٰی وَ مَاۤ اُوۡتِیَ النَّبِیُّوۡنَ مِنۡ رَّبِّہِمۡ ۚ لَا نُفَرِّقُ بَیۡنَ اَحَدٍ مِّنۡہُمۡ ۫ۖ وَ نَحۡنُ لَہٗ مُسۡلِمُوۡنَ ﴿۱۳۶﴾ فَاِنۡ اٰمَنُوۡا بِمِثۡلِ مَاۤ اٰمَنۡتُمۡ بِہٖ فَقَدِ اہۡتَدَوۡا ۚ وَ اِنۡ تَوَلَّوۡا فَاِنَّمَا ہُمۡ فِیۡ شِقَاقٍ ۚ فَسَیَکۡفِیۡکَہُمُ اللّٰہُ ۚ وَ ہُوَ السَّمِیۡعُ الۡعَلِیۡمُ ﴿ؕ۱۳۷﴾ صِبۡغَۃَ اللّٰہِ ۚ وَ مَنۡ اَحۡسَنُ مِنَ اللّٰہِ صِبۡغَۃً ۫ وَّ نَحۡنُ لَہٗ عٰبِدُوۡنَ ﴿۱۳۸﴾ قُلۡ اَتُحَآجُّوۡنَنَا فِی اللّٰہِ وَ ہُوَ رَبُّنَا وَ رَبُّکُمۡ ۚ وَ لَنَاۤ اَعۡمَالُنَا وَ لَکُمۡ اَعۡمَالُکُمۡ ۚ وَ نَحۡنُ لَہٗ مُخۡلِصُوۡنَ ﴿ۙ۱۳۹﴾ اَمۡ تَقُوۡلُوۡنَ اِنَّ اِبۡرٰہٖمَ وَ اِسۡمٰعِیۡلَ وَ اِسۡحٰقَ وَ یَعۡقُوۡبَ وَ الۡاَسۡبَاطَ کَانُوۡا ہُوۡدًا اَوۡ نَصٰرٰی ؕ قُلۡ ءَاَنۡتُمۡ اَعۡلَمُ اَمِ اللّٰہُ ؕ وَ مَنۡ اَظۡلَمُ مِمَّنۡ کَتَمَ شَہَادَۃً عِنۡدَہٗ مِنَ اللّٰہِ ؕ وَ مَا اللّٰہُ بِغَافِلٍ عَمَّا تَعۡمَلُوۡنَ ﴿۱۴۰﴾ تِلۡکَ اُمَّۃٌ قَدۡ خَلَتۡ ۚ لَہَا مَا کَسَبَتۡ وَ لَکُمۡ مَّا کَسَبۡتُمۡ ۚ وَ لَا تُسۡـَٔلُوۡنَ عَمَّا کَانُوۡا یَعۡمَلُوۡنَ ﴿٪۱۴۱﴾

آیت 134

تِلۡکَ اُمَّۃٌ قَدۡ خَلَتۡ ۚ

’’یہ ایک جماعت تھی جو گزر چکی۔‘‘

یہ آیت اس رکوع میں دو مرتبہ آئی ہے۔ یہ انسانوں کا ایک گروہ تھا جو گزر گیا۔ ابراہیم‘ اسماعیل ‘ اسحاق‘ یعقوب علیہم السلام اوران کی اولاد سب گزر چکے۔

لَہَا مَا کَسَبَتۡ وَ لَکُمۡ مَّا کَسَبۡتُمۡ ۚ

’’اُن کے لیے تھاجو انہوں نے کمایا اور تمہار ے لیے ہو گا جو تم کماؤ گے۔‘‘

یہاں ’’پدرم سلطان بود‘‘ کا دعویٰ کوئی مقام نہیں رکھتا۔ ہر شخص کے لیے اپنا ایمان‘ اپنا عمل اور اپنی کمائی ہی کام آئے گی۔

وَ لَا تُسۡـَٔلُوۡنَ عَمَّا کَانُوۡا یَعۡمَلُوۡنَ ﴿۱۳۴﴾

’’تم سے یہ نہیں پوچھا جائے گا کہ وہ کیا کرتے تھے‘‘۔تم سے تو یہی پوچھا جائے گا کہ تم کیا کر کے لائے ہو؟ تمہارا باپ سلطان ہو گا‘ لیکن تم اپنی بات کرو کہ تم کیا ہو؟

اس پس منظر میں اب یہود کی خباثت کو نمایاں کیا جا رہا ہے کہ ابراہیم اور یعقوب علیہما السلام کی وصیت تو یہ تھی‘ مگر اس وقت کے یہود و نصاریٰ کا کیا رویہ ہے۔ انہوں نے اللہ کے رسولﷺ کے خلاف متحدہ محاذ بنا رکھا ہے۔

آیت 135

وَ قَالُوۡا کُوۡنُوۡا ہُوۡدًا اَوۡ نَصٰرٰی تَہۡتَدُوۡا ؕ

’’اور وہ کہتے ہیں یا تو یہودی ہو جائو یا نصرانی توہدایت پر ہو جائو گے۔‘‘

قُلۡ بَلۡ مِلَّۃَ اِبۡرٰہٖمَ حَنِیۡفًا ؕ

’’کہہ دیجیے نہیں‘ بلکہ (ہم تو پیروی کریں گے )ابراہیم کے طریقے کی بالکل یکسو ہو کر۔‘‘

مِلَّۃَ سے قبل فعل نَـتَّبِعُ محذوف ہے۔ گویا : ’’بَلْ نَتَّبِعُ مِلَّۃَ اِبْرَاھِیْمَ‘‘۔

وَ مَا کَانَ مِنَ الۡمُشۡرِکِیۡنَ ﴿۱۳۵﴾

’’اور وہ مشرکوں میں سے نہیں تھے۔‘‘

اب مسلمانوں کو حکم دیا جا رہا ہے کہ یہودونصاریٰ جو کچھ کہتے ہیں اس کے جواب میں تم یہ کہو:

آیت 136

قُوۡلُوۡۤا اٰمَنَّا بِاللّٰہِ

’’کہو ہم ایمان رکھتے ہیں اللہ پر‘‘

وَ مَاۤ اُنۡزِلَ اِلَیۡنَا

’’اور جو کچھ نازل کیا گیا ہماری جانب‘‘

وَ مَاۤ اُنۡزِلَ اِلٰۤی اِبۡرٰہٖمَ وَ اِسۡمٰعِیۡلَ وَ اِسۡحٰقَ وَ یَعۡقُوۡبَ وَ الۡاَسۡبَاطِ

’’اور جو کچھ نازل کیا گیا ابراہیم‘ اسماعیل‘ اسحاق‘ یعقوب اور اولادِ یعقوب کی طرف‘‘

وَ مَاۤ اُوۡتِیَ مُوۡسٰی وَ عِیۡسٰی

’’اور جو کچھ دیا گیا موسیٰ اور عیسیٰ کو‘‘

وَ مَاۤ اُوۡتِیَ النَّبِیُّوۡنَ مِنۡ رَّبِّہِمۡ ۚ

’’اور جو کچھ دیا گیا تمام نبیوں کو ان کے ربّ کی طرف سے۔ ‘‘

لَا نُفَرِّقُ بَیۡنَ اَحَدٍ مِّنۡہُمۡ ۫ۖ

’’ہم اُن میں سے کسی کے مابین تفریق نہیں کرتے۔‘‘

ہم سب کو مانتے ہیں ‘ کسی کا انکار نہیں کرتے۔ ایک بات سمجھ لیجیے کہ ایک ہے ’’تفضیل‘‘ یعنی کسی ایک کو دوسرے سے زیادہ افضل سمجھنا‘ یہ اور بات ہے‘ اس کی نفی نہیں ہے۔ سورۃ البقرۃ ہی میں الفاظ آئے ہیں: {تِلۡکَ الرُّسُلُ فَضَّلۡنَا بَعۡضَہُمۡ عَلٰی بَعۡضٍ ۘ} (آیت ۲۵۳) ’’یہ سب رسول فضیلت دی ہم نے بعض کو بعض پر‘‘۔جبکہ تفریق یہ ہے کہ ایک کو مانا جائے اور ایک کا انکار کر دیا جائے۔ اور رسولوں میں سے کسی ایک کا انکار گویا سب کاانکار ہے۔

وَ نَحۡنُ لَہٗ مُسۡلِمُوۡنَ ﴿۱۳۶﴾

’’اور ہم اُسی کے مطیع فرمان ہیں۔‘‘

ہم نے تو اُسی کی فرماں برداری کا قلادہ اپنی گردن میں ڈال لیا ہے۔

آیت 137

فَاِنۡ اٰمَنُوۡا بِمِثۡلِ مَاۤ اٰمَنۡتُمۡ بِہٖ

’’پھر (اے مسلمانو!) اگر وہ (یہودو نصاریٰ) بھی اُسی طرح ایمان لے آئیں جس طرح تم ایمان لائے ہو‘‘

یعنی وہ ضد اور ہٹ دھرمی کی روش ترک کر دیں اور ٹھیک ٹھیک وہی دین اور وہی راستہ اختیار کریں جو محمدرسول اللہﷺ کے ذریعہ سے تمہیں دیا گیا ہے۔

فَقَدِ اہۡتَدَوۡا ۚ

’’تب وہ ہدایت پر ہوں گے۔‘‘

وَ اِنۡ تَوَلَّوۡا

’’اور اگر وہ پیٹھ موڑ لیں‘‘

فَاِنَّمَا ہُمۡ فِیۡ شِقَاقٍ ۚ

’’تو پھر وہی ہیں ضد پر۔‘‘

اگر وہ ایمان نہیں لاتے تو اس کے معنی یہ ہیں کہ وہ ہٹ دھرمی اور ضدم ضدا میں مبتلاہوچکے ہیں اور دشمنی اور مخالفت پر اَڑے ہوئے ہیں۔

فَسَیَکۡفِیۡکَہُمُ اللّٰہُ ۚ

’’تو (اے نبیﷺ!) آپ کے لیے ان کے مقابلے میں اللہ کافی ہے۔‘‘

آپ فکر نہ کریں‘ آپؐ مداہنت (compromise) کی کسی دعوت کی طرف توجہ ہی نہ کریں‘ کچھ دو کچھ لو کا معاملہ آپ بالکل بھی نہ سوچیں۔ آپ ان کی مخالفتوں سے مرعوب نہ ہوں اور ان کی دھمکیوں کا کوئی اثر نہ لیں۔اللہ تعالیٰ آپ کی حمایت کے لیے ان سب کے مقابلے میں کافی رہے گا۔

وَ ہُوَ السَّمِیۡعُ الۡعَلِیۡمُ ﴿ؕ۱۳۷﴾

’’اور وہ سب کچھ سننے والا جاننے والا ہے۔‘‘

ایسا نہیں ہے کہ اُسے معلوم نہ ہو کہ آپؐ اس وقت کن حالات میں ہیں ‘ کیسی مشکلات میں ہیں‘ کس طرح کی نازک صورت حال ہے جو دن بدن شکل بدل رہی ہے۔ اللہ تعالیٰ ہر طرح کے حالات میں آپ کا محافظ اور مددگار ہے۔

[حضرت عثمان رضی اللہ عنہ شہادت کے وقت قرآن حکیم کے جس نسخے پر تلاوت فرما رہے تھے اُس میں ان الفاظ پر خون کا دھبہّ آج بھی موجود ہے۔ باغیوں نے آپؓ‘ کو قرآن کی تلاوت کرتے ہوئے شہید کیا تھا۔ آپؓ کی زوجہ محترمہ نائلہ رضی اللہ عنہا نے آپ کو بچانا چاہا تو اُن کی انگلیاں کٹ گئیں اور خون ان الفاظ پر پڑا۔]

آیت 138

صِبۡغَۃَ اللّٰہِ ۚ

’’ہم نے تو اختیار کر لیا ہے اللہ کے رنگ کو۔‘‘

’’مِلَّۃَ اِبْرَاھِیْمَ‘‘ کی طرح ’’صِبْغَۃَ اللّٰہِ‘‘ میں بھی مضاف کی نصب بتا رہی ہے کہ یہ مرکب اضافی مفعول ہے اور اس کا فعل محذوف ہے۔

وَ مَنۡ اَحۡسَنُ مِنَ اللّٰہِ صِبۡغَۃً ۫

’’اور اللہ کے رنگ سے بہتر اورکس کا رنگ ہوگا؟‘‘

وَّ نَحۡنُ لَہٗ عٰبِدُوۡنَ ﴿۱۳۸﴾

’’اور ہم تو بس اُسی کی بندگی کرنے والے لوگ‘ہیں۔‘‘

آیت 139

قُلۡ اَتُحَآجُّوۡنَنَا فِی اللّٰہِ

’’(اے نبیﷺ اِن سے) کہیے کیا تم ہم سے جھگڑ رہے ہو (دلیل بازی کر رہے ہو) اللہ کے بارے میں؟‘‘

وَ ہُوَ رَبُّنَا وَ رَبُّکُمۡ ۚ

’’حالانکہ وہی ہمارا ربّ بھی ہے اور تمہارا ربّ بھی۔‘‘

ربّ بھی ایک ہے اور اس کا دین بھی ایک ہے‘ہاں شریعتوں میں فرق ضرور ہوا ہے ۔

وَ لَنَاۤ اَعۡمَالُنَا وَ لَکُمۡ اَعۡمَالُکُمۡ ۚ

’’اور ہمارے لیے ہوں گے ہمارے عمل اور تمہارے لیے ہوں گے تمہارے عمل۔‘‘

وَ نَحۡنُ لَہٗ مُخۡلِصُوۡنَ ﴿ۙ۱۳۹﴾

’’اور ہم تو خالص اسی کے ہیں۔‘‘

ہم اُس کے لیے اپنے آپ کو اور اپنی بندگی کو خالص کر چکے ہیں۔

یہاں پے در پے آنے والے تین الفاظ کو نوٹ کیجیے۔ یہ مقام میرے اور آپ کے لیے لمحہ فکریہ ہے۔ آیت۱۳۶ ان الفاظ پر ختم ہوئی تھی: {وَ نَحۡنُ لَہٗ مُسۡلِمُوۡنَ ﴿۱۳۶﴾} ’’ہم اُسی کے سامنے سرِتسلیم خم کرتے ہیں‘‘۔ ان میں تو ہم بھی شامل ہیں۔اس کے بعد آیت ۱۳۸ کے اختتام پر یہ الفاظ آئے: {وَّ نَحۡنُ لَہٗ عٰبِدُوۡنَ ﴿۱۳۸﴾} ’’اور ہم اس ہی کی بندگی کرتے ہیں‘‘۔ صرف اسلام نہیں‘ عبادت یعنی پوری زندگی میں اُس کے ہر حکم کی پیروی اور اطاعت درکار ہے۔اس سے آگے یہ بات آئی : {وَ نَحۡنُ لَہٗ مُخۡلِصُوۡنَ ﴿ۙ۱۳۹﴾} یہ عبادت اگر اخلاص کے ساتھ نہیں ہے تو منافقت ہے۔ اس عبادت سے کوئی دُنیوی منفعت پیش نظر نہ ہو۔ ؏

’’سوداگری نہیں‘ یہ عبادت خدا کی ہے!‘‘

دین کو دنیا بنانے اور دنیا کمانے کا ذریعہ بنانے سے بڑھ کر گری ہوئی حرکت اور کوئی نہیں ہے۔ رسول اللہﷺ کا ارشاد گرامی ہے :حدیث((مَنْ صَلّٰی یُرَائِیْ فَقَدْ اَشْرَکَ وَمَنْ صَامَ یُرَائِیْ فَقَدْ اَشْرَکَ وَمَنْ تَصَدَّقَ یُرَائِیْ فَقَدْ اَشْرَکَ)) (مسند احمد) ’’جس نے دکھاوے کے لیے نماز پڑھی اس نے شرک کیا ‘ جس نے دکھاوے کے لیے روزہ رکھا اس نے شرک کیا‘ اور جس نے دکھاوے کے لیے صدقہ و خیرات کیا اس نے شرک کیا۔‘‘

ان تینوں الفاظ کو حرزِ جان بنا لیجیے : نَحْنُ لَـہٗ مُسْلِمُوْنَ‘ نَحْنُ لَـہٗ عٰبِدُوْنَ‘ نَحْنُ لَـہٗ مُخْلِصُوْنَ -- اَللّٰھُمَّ رَبَّـنَا اجْعَلْنَا مِنْھُمْ! اَللّٰھُمَّ رَبَّـنَا اجْعَلْنَا مِنْھُمْ!!

آیت 140

اَمۡ تَقُوۡلُوۡنَ اِنَّ اِبۡرٰہٖمَ وَ اِسۡمٰعِیۡلَ وَ اِسۡحٰقَ وَ یَعۡقُوۡبَ وَ الۡاَسۡبَاطَ کَانُوۡا ہُوۡدًا اَوۡ نَصٰرٰی ؕ

’’کیا تمہارا کہنا یہ ہے کہ ابراہیم ‘ اسماعیل اسحاق‘ اور یعقوب اور ان کی اولاد سب یہودی تھے یا نصرانی تھے؟‘‘

تم جو کہتے ہو کہ یہودی ہو جائو یا نصرانی تب ہدایت پاؤ گے‘ تو کیا ابراہیم علیہ السلام یہودی تھے یا نصرانی؟ اور اسحاق‘ یعقوب‘ یوسف ‘ موسیٰ اور عیسیٰ علیہم الصلوٰۃ والسلام کون تھے؟ یہی بات آج مسلمانوں کو سوچنی چاہیے کہ محمد رسول اللہﷺ اور آپؐ کے اصحابؓ دیوبندی تھے‘ بریلوی تھے‘ اہل حدیث تھے یا شیعہ تھے؟اللہ تعالیٰ کے ساتھ اخلاص کا تقاضا یہ ہے کہ ان تقسیموں سے بالاتر رہا جائے۔ ٹھیک ہے ایک شخص کسی فقہی مسلک کی پیروی کر رہا ہے‘ لیکن اس مسلک کو اپنی شناخت بنا لینا‘ اسے دین پر مقدم رکھنا‘ اس مسلک ہی کے لیے ہے ساری محنت و مشقت اور بھاگ دوڑ کرنا‘ اور اُسی کی دعوت و تبلیغ کرنا‘ دین کی اصل حقیقت اور روح کے یکسر خلاف ہے۔

قُلۡ ءَاَنۡتُمۡ اَعۡلَمُ اَمِ اللّٰہُ ؕ

’’کہیے : تم زیادہ جانتے ہو یا اللہ؟‘‘

وَ مَنۡ اَظۡلَمُ مِمَّنۡ کَتَمَ شَہَادَۃً عِنۡدَہٗ مِنَ اللّٰہِ ؕ

’’اور (کان کھول کر سن لو) اُس شخص سے بڑھ کر ظالم اور کون ہو گا جس کے پاس اللہ کی طرف سے ایک گواہی تھی جسے اس نے چھپا لیا؟‘‘

علماءِ یہود جانتے تھے کہ محمدﷺ اللہ کے رسول ہیں‘ جن کے وہ منتظر تھے۔ لیکن وہ اس گواہی کوچھپائے بیٹھے تھے۔

وَ مَا اللّٰہُ بِغَافِلٍ عَمَّا تَعۡمَلُوۡنَ ﴿۱۴۰﴾

’’اور اللہ ہرگز غافل نہیں ہے اُس سے جو تم کر رہے ہو۔‘‘

آیت 141

تِلۡکَ اُمَّۃٌ قَدۡ خَلَتۡ ۚ

’’وہ ایک جماعت تھی جو گزر چکی۔‘‘

یہ اس مقدس جماعت کے گلِ سرسبد تھے جن کا تذکرہ ہوا۔

لَہَا مَا کَسَبَتۡ وَ لَکُمۡ مَّا کَسَبۡتُمۡ ۚ

’’ان کے لیے ہے جو کمائی انہوں نے کی اور تمہارے لیے ہے جو کمائی تم نے کی۔‘‘

جو عمل انہوں نے کمائے وہ ان کے لیے ہیں‘ تمہارے لیے نہیں۔ تمہارے لیے وہی ہو گا جو تم کماؤگے۔

وَ لَا تُسۡـَٔلُوۡنَ عَمَّا کَانُوۡا یَعۡمَلُوۡنَ ﴿٪۱۴۱﴾

’’اور تم سے اُن کے اعمال کے بارے میں سوال نہیں ہو گا۔‘‘

تم سے یہ نہیں پوچھا جائے گا کہ انہوں نے کیا کیا‘ تم سے تو یہ سوال ہو گا کہ تم نے کیا کیا!

یوٹیوب پر دیکھیے